کابینہ کمیٹی برائےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل نو

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (رانا غلام قادر )وزیراعظم شہبازشریف نےکابینہ کمیٹی برائےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل نوکردی-نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرتجارت جام کمال اوروزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کو کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی کے ارکان میں شامل کرلیا گیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق تشکیل نو کے بعدکابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی کے ارکان کی تعداد 12 سے بڑھ کر 15 ہوگئی ہے-اس سے قبل نائب وزیر اعظم، وزیر تجارت اور وزیر اطلاعات کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی کے ارکان میں شامل نہیں تھے-وزیراعظم شہبازشریف کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی کے چیئرمین خود ہیں-خزانہ،دفاع،منصوبہ بندی آئی ٹی،پاور،نیشنل فوڈسیکیورٹی، آبی وسائل اور قانون و انصاف کے وزراء کابینہ کمیٹی برائے ایس آئی ایف سی کے ارکان کا حصہ ہیں جبکہ سرمایہ کاری،صنعت و پیدوار اور پیٹرولیم کے وزراء بھی کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی ارکان میں شامل ہیں-آرمی چیف،صوبائی وزراء اعلی اور نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی کو کابینہ کمیٹی برائے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاسوں میں خصوصی طورپرمدعوکیاجائے گا-وزیراعظم شہبازشریف نے اس سال27 مئی کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی تشکیل دی تھی۔