پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 79 فیصد کم ہو گیا،13 سال کی کمترین سطح

20 جولائی ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 79 فیصد کم ہو گیا،اسٹیٹ بینک آف پاکستا ن کے مطابق مالی سال 2023 - 24 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 68 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 3 ارب 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 79 فیصد کم ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0 . 2 فیصد ہے، جو گزشتہ 13 سالوں میں سب سے کم ہے یہ نمایاں کمی تجارتی خسارے میں 6 فیصد کمی اور ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافے کی وجہ سے ہوئی۔مالی سال 24 ء میں ملک کی اشیاء اور خدمات کی مجموعی برآمدات کا حجم 38 . 9 ارب ڈالر رہا۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران درآمدات 63 . 3 ارب ڈالر رہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافے کے ساتھ 30 . 25 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر جون 2024 میں پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا عارضی خسارہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مئی 2024 میں نظر ثانی شدہ خسارہ 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔جون 2024 کے دوران پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات 3 . 07 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات 5 . 69 ارب ڈالر رہیں۔