ملتان میں کہیں ہلکی ، کہیں طوفانی بارش ،نشیبی علاقوں میں پانی جمع،موسم خوشگوار

20 جولائی ، 2024

ملتان، خانیوال (سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ) ملتان شہر میں کہیں ہلکی و کہیں تیز وطوفانی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے ، تیز ہوا کے باعث کمزور درخت اور ہورڈنگز بورڈ اکھڑ کر زمین بوس ہو گئے ۔ تیز بارش اور ہوا کے باعث ملتان شہر کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی گھنٹے بعد بجلی کی فراہمی کو بحال کیا جاسکا ، دوسری طرف ملتان شہر میں پری مون سون کی بارشیں شروع ہونے کے بعد واسا ملتان کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے جاسکے ، اندرون شہر کی سڑکیں ، گلیاں پانی سے بھر گئیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں گذشتہ شام تک 7ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ دریں اثنا خانیوال کے نواحی علاقہ ہیبت کوٹ کا رہائشی 15سالہ لڑکا بارش کی وجہ سے کھمبے میں کرنٹ آنے سے جا ں بحق ہو گیا، بچے کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی حمزہ دکان سے واپس اپنے گھر جارہا تھا کہ کھمبے سے کرنٹ لگ گیا۔