اسرائیل فورسز کی وسطی غزہ اور رفح پر بمباری، 13 فلسطینی شہید

20 جولائی ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)اسرائیلی فورسز کی گزشتہ روز وسطی غزہ کے علاقوں پر بمباری میں 13 فلسطینی شہید ہوگئے،غزہ کے صحت کے حکام نے بتایا کہ النصیرات کیمپ کے علاقے میں کم از کم آٹھ فلسطینی ، جب کہ رفح میں مزید پانچ رہائشی شہید ہو گئے۔جنگ کے دسویں مہینے میں وسطی غزہ پر اسرائیل کی فضائی اور ٹینکوں کی گولہ باری میں گزشتہ ایک ہفتے سے تیزی آئی ہے، جس میں درجنوں افراد شہید ہو گئے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ تین دنوں میں درجنوں گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ النصیرات میں دو مکانات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں آٹھ افراد شہید ہو گئے۔رفح میںرہائشیوں کا کہنا ہے کہ وسطی اور مغربی علاقوں میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔طبی ماہرین نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے پانچ افراد شہید ہوئے ،جن کی لاشوں کو قریبی شہرخان یونس کے ناصر اسپتال منتقل کیا گیا۔جمعرات کواسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، جو آئندہ ہفتے امریکی کانگریس سے خطاب کرینگے، نے رفح کے ارد گرد کے علاقے کا اچانک دورہ کیا، اور اسرائیلی فوجیوں کوبتایا کہ غزہ میں ابھی تک قید 120 یرغمالیوں کو واپس لانے کے مطالبے کے ساتھ فوجی دباؤ کے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ان کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق، انہوں نے کہاکہ یہ دوہرا دباؤ جنگ بندی معاہدے میں تاخیر نہیں کر رہا ہے، بلکہ اسے آگے بڑھا رہا ہے۔قطر اور مصر کی قیادت میں اور امریکہ کی حمایت سے جنگ بندی کی کوشش اب تک متحارب فریقوں کے درمیان تنازعات کی وجہ سے ناکام ہو چکی ہے، جو ایک دوسرے پر تعطل کا الزام لگاتے ہیں۔