ٹیکس چوری روکنے کیلئےکاٹن اینڈ جننگ انڈسٹری پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

20 جولائی ، 2024

ملتان (احتشام مرزا) وفاقی حکومت نے ٹیکس چوری روکنے کے لیے کاٹن اینڈ جننگ انڈسٹری پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھاری ٹیکسوں سے کاٹن جننگ انڈسٹری کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، حکومت اس انڈسٹری کی ترقی کے لیے نئے عائد کردہ سیلز ٹیکس واپس لے، پی سی جی اے چیئرمین وحید ارشد، حکومت کے علم میں آیا ہے کہ چند سالوں سے کاٹن اینڈ جننگ انڈسٹری کے مالکان ٹیکس چوری میں ملوث ہیں جس سے سرکار کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔کاٹن اینڈ جننگ انڈسٹری سے ٹیکس چوری روکنے کیلئے کپاس کی گانٹھوں کی پیداوار پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ذریعے کاٹن کنٹرول ایکٹ کو بھی حقیقی معنوں میں نافذ کیا جائے گا۔ دریں اثنا نئے ٹیکسز کا معاملہ فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کو غور کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس حوالے سے جب پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن پی سی جی اے کے چیئرمین وحید ارشد سے بات کی گئی تو انہوں نے اسوسی ایشن ٹیکس چوروں کو کبھی سپورٹ نہیں کرتی مگر بھاری ٹیکسوں سے کاٹن جننگ انڈسٹری کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، حکومت اس انڈسٹری کی ترقی کے لیے نئے عائد کردہ سیلز ٹیکس واپس لے، زیادہ ٹیکسوں کی وجہ سے ٹیکس چوری بڑھنے کا اندیشہ ہے۔