اداروں کی لڑائی میں پورا ملک تکلیف اٹھائے گا،تجزیہ کار

20 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان کے سوال مخصوص نشستوں کے فیصلے پرن لیگ کا سخت ترین ردعمل،پوزیشن کا فائدہ ہوگا یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار بینظیر شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف کا آئینی بریک ڈاؤن کے خطرے کا بیان بہت سنجیدہ ہے اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہئے،عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ اداروں کی اس لڑائی میں پورا ملک تکلیف اٹھائے گا،خواجہ آصف آئینی بریک ڈاؤن کی باتیں کر کے عدلیہ کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں،ارشاد بھٹی نے کہا کہ اسحاق ڈار اور عطاء تارڑ کی باتوں سے لگ رہا ہے سب کچھ منصوبہ بندی سے ہورہا ہے، اعزاز سید کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اطلاع دیدی ہے کہ ماورائے آئین کام ہونے جارہا ہے آ پ نے جو بندوبست کرنا ہے کرلیں۔بینظیر شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف کا آئینی بریک ڈاؤن کے خطرے کا بیان بہت سنجیدہ ہے اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، مریم نواز اور خواجہ آصف سارا الزام عدلیہ پر ڈال رہے ہیں، حکومت شاید آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے حق میں عدلیہ کے فیصلے ماننے سے انکار کردے جس کے نتیجے میں آئینی بریک ڈاؤن ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملیں اس کیلئے حکومت ہر حد تک جائے گی، حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا، حکومت کے پاس آپشن ختم ہوگئے تو پی ٹی آئی پر پابندی لگادے گی، مریم نواز کے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے اگلے چیف جسٹس کے ساتھ تصادم کا ماحول پیدا ہوگا۔عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف آئینی بریک ڈاؤن کی باتیں کر کے عدلیہ کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں۔