وزارت صحت میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ، سینئر ڈاکٹروں کا لورالائی تبادلہ

21 جولائی ، 2024

کوئٹہ (این این آئی )وزیراعلیٰ بلوچستان کے حکم پر وزارت صحت میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ شروع کوئٹہ کے اسپتالوں سے سینئر ڈاکٹرز کے لورالائی ڈویژن تبادلے کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دورہ لورالائی کے بعد کوئٹہ سے سنیئر مرد اور خواتین ڈاکٹرز کے لورالائی ڈویژن تبادلے کر دیئے گئے ہیں کوئٹہ کے اسپتالوں سول سنڈیمن اسپتال، بی ایم سی کوئٹہ ، جنرل اسپتال کوئٹہ، پی پی ایچ آئی، بی آئی این یو کیو سے اٹھارہ ڈاکٹرز لورالائی ٹرانسفر کئے گئے ہیں جس میں تین چیف میڈیکل آفیسرز ، چار سنیئر میڈیکل آفیسرز ،تین ایس ایم اوز، تین سی ایم او ز، گیارہ لیڈی ڈاکٹر،سات سنیئر لیڈی میڈیکل آفیسرز، 4 ایل ایم او ،چھ لیڈی ڈاکٹرز کو کوئٹہ سے ٹرانسفر شدہ 5 لیڈی ڈاکٹرز کی خدمات لورالائی کے اسپتالوں اور ڈی ایچ او کے سپرد کی گئی ہیں ۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال دکی کے ایم او ڈاکٹر فرید کو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔