برابری کے حقوق دے کر ہی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، بلوچستان نیشنل پارٹی

21 جولائی ، 2024

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں بنوں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پختونخواءمیں امن کے حصول کیلئے نکلنے والوں کا پیغام یہی تھا کہ پشتون پرامن ، ترقی پسند ، روشن خیال قوم ہے اکیسویں صدی میں پشتون نوجوان علم و آگاہی اور شعوری جدوجہد سے وابستہ ہیں جو امن کی خاطریکجا ہو کر کہہ رہے ہیں کہ ہم پرامن غیور قوم ہیں مزید قتل و غارت ، آپریشن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بی این پی پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہمیشہ مظلوم ، محکوم اقوام کی قومی جہد ، ناانصافیوں ، مظالم اور جبر کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے لیکن یہ امر قابل افسوس ہے کہ اب بھی اس روش کو ترک نہیں کیا گیا جس طرح بلوچستان میں طاقت کا استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح پشتونخواءمیں بھی یہی ہو رہا ہے جو قابل مذمت ہے پارٹی بیان میں بنوں اور پختونخواءکے عوام کو یقین دہانی کرائی گئی کہ اس جہد میں بلوچستان نیشنل پارٹی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ برابری کے حقوق دے کر ہی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں اور مذاکرات ہی مسائل کاواحد حل ہیں۔