عمر ایوب اور شبلی فراز کا جوڈیشل کمیشن کو خط سیاسی شعبدہ بازی ہے،اعظم نذیر تارڑ

21 جولائی ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز کی طرف سے جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین کو لکھے گئے خطوط کو "سیاسی شعبدہ بازی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی فورمز کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرنا افسوسناک اور پارلیمانی روایات کے برعکس ہے ۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کو نمٹانے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ایڈھاک ججز کا تقرر بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے مطالبے پر کیا گیا،قوم نے دیکھا کہ جوڈیشل کمیشن نے آئین کے مطابق بھاری اکثریت سے ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین کو خط لکھنا صرف سیاست ہے کیونکہ آئینی ادارے کے سربراہ خود جواب نہیں دیتے،آئینی فورمز کو آئینی کام کرنے دیں، انہیں سیاست کی نذر نہ کریں۔