تحریک تحفظ آئین اجلاس، عمران خان ودیگر کی رہائی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

21 جولائی ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان نےبانی پی ٹی آئی عمران خان،ان کی اہلیہ اوردیگر قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ 26جولائی کو ملک گیر پرامن احتجاج کا اعلان کردیا ہے ،پی ٹی آئی کی پریس ریلیز کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم ہنگامی ہفتہ کے روز منعقد ہوا ،جس کی صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کی، پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سیکریٹری جنرل و قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شبلی فرازاور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رئوف حسن ، سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا ، سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصرعباس اور جے یو آئی شیرانی گروپ کے سربراہ سید قاسم آغا نے شرکت کی ،اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال یا گیا جبکہ عمران خان،ان کی اہلیہ اوردیگر قائدین کی فوری رہائی کیلئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی ،قرارداد کے مطابق عمران خان اور پارٹی کے دیگر عہدیداران کے خلاف قائم مقدمات قوانین اور انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، بنوں امن مارچ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی تحقیقات کا مطالبہ بھی قرارداد کا حصہ ہے۔