سڑک پر چلتےشخص کو کہا گیا آؤانصاف دیتے ہیں،نواز شریف

21 جولائی ، 2024

لاہور(ایجنسیاں)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائدمیاںنوازشریف نے کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا‘ یہ غریب لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے مصیبت بن چکاہے۔ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔2017ءتک بجلی کا بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا‘2018ءسے نظر لگی او رغریب پس کر رہ گیا۔ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیاآئو ہم تمہیں انصاف دیں گے‘میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی کیاضرورت تھی‘ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعدمیں کون لایاتھا؟ سب کو پتہ ہے۔ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیاجا رہا‘ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا‘ عوام کی پرواہ کریں‘ ریلیف کے لئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا کہناہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازاور نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی ٰمریم نواز نے سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے اسکیم کے اجرا کیلئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے اسکیم لانچ کردی جائے گی۔ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کے لئے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا۔اسکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا۔ پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلی ٰنے کہا کہ آٹا او ر بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے۔ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔