حکومت کا سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

21 جولائی ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی )حکومت نے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیاہے،اس ضمن میں پی ٹی اے نے فائر والز کی تنصیب کیلئے بولیاں طلب کرلیں تاہم اس کے ترجمان نے اس حوالے سے موقف دینے سے شگریزکیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا۔ پی ٹی اے نے فائر والز کی تنصیب کیلئے بولیاں طلب کرلیں، انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر نیکسٹ جنریشن اور ایپلی کیشن فائر والز نصب ہوں گی، نیکسٹ جنریشن فائر وال ڈیپ پیکٹ انسپکشن کی صلاحیت کی حامل ہوگی۔ ڈی پی آئی ٹیکنالوجی سے ڈیٹا کی لیئر 7 تک دیکھا جاسکے گا، نیکسٹ جنریشن فائر وال سے رئیل ٹائم ڈیٹا کی مانیٹرنگ ہوسکے گی، یو آر ایل فلٹرنگ، ایپلی کیشن کنٹرول اور مالوئیر پروٹیکشن ہوسکے گی۔ نیکسٹ جنریشن فائر وال سائبر سیکورٹی خطرات کیخلاف پیشگی اقدامات کرسکے گی، ویب ایپلی کیشن فائر وال ویب ایپلی کیشنز کے ڈیٹا کی مانیٹرنگ اور فلٹرنگ کرسکے گی۔ پی ٹی اے نے پیپرا کے ای پیڈ سسٹم کے تحت الیکٹرانک بولیاں طلب کیں، دوسری جانب ترجمان پی ٹی اے نے فائر والز کی تنصیب کے حوالے سے موقف دینے سے گریز کیا ہے۔