میں نے زیلنسکی سے یوکرین میں جنگ ختم کرانے کا وعدہ کیا ہے، ٹرمپ

21 جولائی ، 2024

واشنگٹن (صباح نیوز)سابق امریکی صدر اور ریپبپکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کہنا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ وائٹ ہاوس میں واپس آ گئے تو یوکرین اور روس کے درمیان جنگ ختم کرا دیں گے۔ٹرمپ نے Truth Social پلیٹ فارم پر لکھا کہ امریکا کا آئندہ صدر بننے کی صورت میں "میں دنیا میں امن لاوں گا اور اس جنگ کو ختم کر دوں گا جو بہت سی جانیں لے چکی ہے"۔دوسری جانب یوکرین کے صدر نے مذکورہ ٹیلی فون کال وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زیلنسکی نے اس موقع پر ارب پتی ٹرمپ کو سرکاری طور پر ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کی۔زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اس بات پر اتفاق رائے ہو گیا کہ ہم براہ راست ملاقات میں ان اقدامات پر بات چیت کریں جو یوکرین میں ایک منصفانہ اور مستقل امن کے لیے لازم ہیں۔