راولپنڈی(این این آئی) سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی مسئلے پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی‘پیپلز پارٹی اور (ن )لیگ میں کوئی فرق نہیں‘ یہ ایک ہی ہیں‘یہ دونوں فارم 47کی پیداوار ہیں‘بنوں واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے‘ساری زندگی جیل میں بیٹھنے کوتیار ہوں‘ مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی باتیں بے بنیاد ہیں‘ اگر میری بیوی کو کچھ ہوا تو جن لوگوں کے میں نے نام لیے تھے ان کو نہیں چھوڑوں گا‘جب تک میں زندہ ہوں ان کا پیچھا کروں گا‘فچ کی رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے‘ مجھے علم ہے موجودہ حکومت انتخابات کی جانب نہیں جائے گی ۔ ہفتہ کواڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ تحریک عدم اعتماد کے لیے پیپلز پارٹی سے تب بات کروں جب میں نے اقتدار میں آنا ہو‘کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے۔مریم نواز کہتی ہے کہ ججز ٹھیک نہیں،ججز تب ٹھیک تھے جب ان کے کیسز ختم کیے گئے؟۔ایلیٹ طبقہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا۔سب کو پتا ہے بنوں واقعے کے دوران فوج نے نہتے لوگوں پر فائرنگ کی ۔ وزیراعلیٰ کے پی جب ملے گا، ان سے کہوں گا کہ بنوں واقعے پر سخت مؤقف اختیار کریں ۔