کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے،پانچ مہینے ہوچکے ہیں ابھی تک فارم 45 سے متعلق مسائل سنے بھی نہیں گئے ہیں جب کہ چھ مہینے کا ٹائم ہے،میزبان شہزاد اقبال نےاپنے تجزیئے میں کہا کہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم نے اپوزیشن کو دیوار سے لگا کر رواں سال مسلسل چوتھی بار الیکشن جیت لیا ہے لیکن ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں حالات ان کے آمرانہ طرزِ حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو رہے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ عدلیہ نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا ہے جو بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔ تحریک انصاف اپنے حقوق کے لیے عدالت گئی ہے چونکہ ریاست پر جو زمینی ناخدا براجمان ہیں انہوں نے ہمارے اوپر تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔سیاسی جدوجہد عنقریب شروع ہوجائے گی۔ریاست کو ہمیشہ صحیح اور غلط میں فرق کرنا پڑتا ہے۔ نو مئی سے متعلق ہمیشہ یہی تقاضہ رہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائیں لیکن ایسا نہیں کروایا جارہا اصل محرکات کو چھپانے کے لیے کمیشن نہیں بنایا جارہاہے۔ حکومت تحریک انصاف کو ختم کرنا چاہتی تھی لیکن اس کے برعکس تحریک انصاف مزید مضبوط ہوئی ہے۔حکومت میں شامل تین سیاسی جماعتوں سے بات کے بغیر بھی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ الیکشن میں پی ٹی آئی کو اکثریت ملی جسے چرا لیا گیا۔