گلشن اقبال، پکوان سینٹر پر ڈکیتی کرنے والا ملزم رینجرز اہلکار ہی نکلا

21 جولائی ، 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )گلشن اقبال میں واقع پکوان سینٹر پر ڈکیتی کرنے والا ملزم رینجرز اہلکار نکلا۔اہلکار کیخلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے تاہم رینجرز اور پولیس نے ملزم کی باضابطہ گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔ دو روز قبل گلشن اقبال میں واقع پکوان سینٹر میں رینجرز یونیفارم پہنے ملزم سمیت تین ملزمان کی لوٹ مار واقعہ کا مقدمہ گذشتہ روز گلشن اقبال تھانے میں پکوان سینٹر کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔مدعی نے بتایا تھا کہ ملزمان نے اس سے 18 لاکھ روپے اور دو موبائل فون چھینے اور جاتے ہوئے اسے اپنی کار میں ساتھ بٹھا کر لے گئے اور سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں اسے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔واقعہ کی سی ٹی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم رینجرز کا اہلکار ہے اور ان دنوں چھٹی پر تھا۔رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار نے چھٹی کے دوران وردی کا غلط استعمال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ پکوان سینٹر کے مالک عادل ڈکیتی کرنے والے رینجرز کے اہلکار کو جانتا ہے اور اس کا اہلکار سے رقم کا تنازع چل رہا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی گئی ہے تاہم رینجرز اور پولیس کی جانب سے باضابطہ طور پر ملزم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔