اسرائیلی فوج کے گھروں پرحملے جاری، بچوں اور خواتین سمیت مزید25 فلسطینی شہید

21 جولائی ، 2024

غزہ،نیویارک (خبرایجنسیاں) اسرائیلی فوج کی شیخ رضوان، جبالیہ، البریج کیمپ اور خان یونس میں بمباری سے مزید 25 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے شیخ رضوان میں گھر پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی جبکہ جبالیہ میں اسرائیلی حملے میں2بچوں سمیت 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔البریج کیمپ میں گھر پر اسرائیلی حملے میں 3فلسطینی اور النصیرات کیمپ میں2گھروں پر اسرائیلی حملے میں کم از کم12فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ میں پولیو وائرس سے نمٹنے کے لیے سیز فائر ضروری ہے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد38ہزار848ہوگئی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر امید دلائی ہے کہ ʼغزہ میں جنگ بندی بہت قریب ہے۔بلنکن ایسپین سیکورٹی فورم سے ʼکولوریڈوʼ میں خطاب کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا ʼحماس اور اسرائیل صدر جو بائیڈن کے جنگ بندی کے لیے پیش کردہ منصوبے پر اتفاق کر چکے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک طویل عرصے سے سفارتی سطح پر کوششیں جاری تھیں۔ تاہم کچھ مسائل ابھی حل کرنے کے ہیں۔ بلنکن نے امریکی حاضرین کو زیادہ امیدا دلانے کیلئےاور اپنی کوششوں کے بارے میں اطمینان دلانے کے لیے کہاʼمجھے یقین ہے کہ ہم دس گز والی لائن کے اندر داخل ہو چکے ہیں اور گول لائن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اب معاہدہ ہو گا جنگ بندی ہو گی اور یرغمالی اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔ معاملات کو ایک پائیدار امن اور استحکام کے ٹریک پر ڈال دیا گیا ہے۔ʼانہون نے مزید کہا ʼتاہم کچھ ایشوز کا طے کیا جانا باقی ہے ، انہیں طے کرنے کے لیے مزاکرات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم درمیان میں ہیں اور ٹھیک وہی کام کر رہے ہیں۔