سندھ حکومت کا 100یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان

21 جولائی ، 2024

کراچی ( آن لائن ) سندھ حکومت نے 100یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر پی اینڈ ڈی و توانائی ناصر شاہ، وزیراعلی کے مشیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیز احسن مزاری، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی مصدق خان اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گرڈ سے باہر رہنے والے صارفین کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی دیں گے اور گرڈ اسٹیشن سے منسلک صارفین کو 50 سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ تقریبا 8 لاکھ گھرانے ماہانہ 50 میگاواٹ بجلی استعمال کر رہے ہیں جن میں کے الیکٹرک کے 4 لاکھ 41 ہزار 483 ، حیسکو میں 2 لاکھ 29 ہزار 338 اور سیپکو میں 1 لاکھ 25 ہزار 500 صارفین اس دائرہ اختیار میں شامل ہیں جب کہ ماہانہ 100 میگاواٹ بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں کی تعداد 19 لاکھ ہے۔