سولر پینل سکیم آسان تر بنانے کا حکم ، عوامی ریلیف کیلئے جو کرنا پڑا کرینگے ، مریم نواز

21 جولائی ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدنوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سکیم کے اجراء کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر نصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا۔ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے سکیم لانچ کردی جائے گی۔ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کے لئے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔ سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا۔ پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آٹا او ر بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے۔ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔ وزیر علیٰ مریم نوازشریف نے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر اپنی ٹیم کو سراہا اورʼʼʼʼویری گڈ اینڈ ویل ڈنʼʼʼʼکہا۔وزیر اعلیٰ سے وزراء،کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز،ڈی پی اوزسے ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی جس میں آئی جی،ہوم سیکرٹری اور دیگر افسران بھی میں شامل تھے-وزیراعلیٰ نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی اور عزاداروں کے لئے ”سبیل آن ویل“کو سراہا- وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا-وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے باری باری سب کا نام لیکر شاباش دی اور سراہا اور کہاکہ قائد محمد نوازشریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں۔ میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کرکے میرا سر فخر سے بلند کیا۔ وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔وزراء، کیبنٹ کمیٹی، ہوم سیکرٹری، آئی جی،کمشنرز اور سب نے بھرپور کام کیا۔ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے۔ کسی سیکورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے۔آنے والے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لئے فول پروف انتظامات کریں گے۔ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔