شیخوپورہ، نامعلوم افرادمعذور باپ کو بیٹے سمیت پھانسی دیکر لاشیں گھسیٹتے رہے

21 جولائی ، 2024

شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے) شیخوپورہ لاہور روڈ کی آبادی کوٹ نور شاہ کے قریب نامعلوم افراد نے معذور محنت کش باپ کو نوجوان بیٹے سمیت پھانسی دیکر قتل کردیا اور دونوں کی لاشیں سڑکوں اور کھیتوں میں گھسیٹتے رہے، پھر پھندا لگی لاشیں کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں ٹانگوں سے معذور 60 سالہ محمد اسلم اپنے بیٹے ندیم عرف شیراز منہاس کیساتھ علاقہ کے بڑے زمینداروں کے کھیتوں میں چارہ کاٹنے کا کام کرکے اپنے اہلخانہ کی کفالت کررہا تھا،گزشتہ روز دونوں باپ بیٹا حسب معمول اپنے گھر کوٹ نور شاہ سےنجی ہاؤسنگ کالونی کے قریب چارہ کاٹنے گئے،جہاں بعض افراد نے دونوں کو گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیں۔ پولیس حکام کے مطابق باپ بیٹے کے دوہرے قتل کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہے۔تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے مقتول محمد اسلم کی بیوہ حنیفاں بی بی کی درخواست پر 2 بھائیوں لطیف اور ندیم کیخلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں کہا گیا کہ ملزمان نے بھی مویشی پال رکھے ہیں، ان کو شبہ تھا کہ مقتول محمد اسلم اور اسکے بیٹے نے کھیتوں سے اپنے حصہ سے زیادہ چارہ کاٹ لیا ہے جس کی بناء پر ملزمان نے کپڑے سے پھندا دے کر میرے معذور خاوند ااسلم ور بیٹے ندیم کو قتل کردیا۔