تحریک انصاف معافی کے قابل نہیں، سود مند و قدم اٹھا ئینگے،اسحق ڈار

21 جولائی ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر مصالحت پسند ہوں لیکن تحریک انصاف نے جس طرح پاکستان کو معاشی و سیاسی و خارجی نقصان پہنچایا ہے وہ قابل معافی نہیں ، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بارے بہتر و سود مند و قدم اٹھائیں گے، 2017 میں نوازشریف کی حکومت نا ختم کی جاتی تو اس وقت پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ،حکومت کوسپریم کورٹ کے فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ،حکومت کے پاس سادہ اکثریت ہے اور وہ انشا اللہ اتحادیوں کیساتھ چلتی رہے گی ،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، وہ انٹرنیشنل افئیرز کے زیر اہتمام اوورسیز میں موجود مسلم لیگ ن کے چیپٹرز کے صدور سے آن لائین میٹنگ سے خصوصی خطاب کررہے تھے جس کے میزبان انٹرنیشنل افئیرز کے سینئر نائب صدر بیرسٹر امجد ملک تھے ،اسحاق ڈار نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،وزیراعظم شہبازشریف پاکستان کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے اٹھارہ گھنٹے وہ مصروف رہتے ہیں ، چائنہ ، سعودیہ و تمام دیگر ممالک سے پاکستان کے معاشی ترقی کیلئے رابطہ میں ہیں ، سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ بالکل ایک لاڈلے کو نوازنے والا فیصلہ ہے ، اس میں آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اور تحریک انصاف جوکہ اس کیس میں کہیں موجود نا تھی اس کو نوازا گیا ہے، کوئی بھی عام قانونی سوجھ بوجھ والا بھی اس کو غلط کہہ سکتا ہے ۔انہوں نے تحریک انصاف کی بیرون ملک میں پاکستان دشمن سرگرمیوں پر سخت غصہ کا اظہار کیا اور اپنے تمام اوورسیز صدور کو کہا کہ آپ ان کے جھوٹے و پاکستان دشمن پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ، اپنے ممالک میں بات کریں اور ان کو بتائیں کہ تحریک انصاف نے اپنے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت کو کس قدر نقصان پہنچایا اور سیاسی اقدار کو پامال کیا اور نوجوان نسل کو بدتہذیب کردیا ، میٹنگ میں روحیل ڈار امریکہ ، ڈاکٹرابوالفضل آسٹریلیا ، پرویز سندھیلہ ہالینڈ ، اسد مالمو ڈنمارک ، رانا لیاقت علی جرمنی نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر مکمل اعتماد کیا اور کہا کہ وہ جلد تحریک انصاف کے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے ۔