جعلی دندان سازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کافیصلہ

21 جولائی ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پنجاب ایڈز اینڈ ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرام کااجلاس ہوا،خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے جعلی دندان سازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جعلی اور بغیر لائسنس ڈینٹل کلینکس کو بند کرکے انکے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ باربرز/ بیوٹی پارلرز کی رجسٹریشن بھی اگلے ہفتے سے شروع کی جائیگی ۔ پنجاب بھر میں بیوٹی پارلرز کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بیوٹی پارلرز کی آسانی کے لئے پارلرز پر جاکر ہمارے نمائندے خود رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں گے اور ان کے سٹاف کی ہیپاٹئٹس سکریننگ بھی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹی پارلرز کو ترغیب دیں گے کہ ہیپاٹئٹس کی روک تھام میں حکومت پنجاب کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ پارلرز کی رجسٹریشن میں شکایت کی صورت میں تحصیل سطح پر کمپلینٹ سنٹرز قائم کریں گے جلاس میں ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر صوفیہ بلال نے تفصیلی بریفنگ دی۔