وزیراعلیٰ کا بٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کردوں ، فیصل کنڈی

22 جولائی ، 2024

مانسہرہ ،پشاور (خبرا یجنسیاں) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین کو مناظرے چیلنج دیتے ہوئے کہا ہےکہ انکابٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوںآن آف کرسکتا ہوں، صوبائی حکومت امن عامہ کی سنگین صورتحال پر اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس جلد بلائے، پی ٹی آئی نے جے یوآئی کا مینڈیٹ چوری کیا،مولانا انتقام لے رہے ہیں عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، ،امن کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ میں ورکرز اجلاس سے خطاب اور پشاور میں گوردوارہ کے دورے میں کیا، تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں اپنے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت سے امن وامان کی سنگین صورتحال پراسمبلی کاان کیمرہ اجلاس بلانے کامطالبہ اوروزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو مناظرے چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کابٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کرسکتا ہوں، صوبے میں گورنر راج کا نفاذ کر کے اسے سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جے یوآئی کا مینڈیٹ چوری کیا، مولانا انتقام لے رہے ہیں عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے علاوہ ازیں پشاور میں جوگیان شاہ میں گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیوں کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ پشاور میں سکھ برادری کو نشانہ بنانا خوفناک عمل ہے۔اس سے قبل گوردوارہ آمد پر سکھ برادری نے فیصل کریم کنڈی کا گرم جوشی سے استقبال کیا جن میں پشاور کے مذہبی رہنما سنگھ صاحب سجن، ڈاکٹر صاحب جی، بابا مہندر سنگھ، بابا امر سنگھ اور مگھن سنگھ شامل ہیں۔اس موقع پر یکجہتی کی علامت کے طور پر سکھ برادری کے سینئر رہنماؤں نے گورنر کو روایتی شال بھی پہنائی۔