برطانوی شہروں کے کچھ حصے اسلام پسند ہیں، نائجل فراج

22 جولائی ، 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ریفارم یوکے، کے لیڈر نائجل فراج نے کہا ہے کہ برطانوی شہروں کے کچھ حصے اسلام پسند ہیں، فرقہ وارانہ بنیادوں پر ووٹنگ کو دیکھنے سے اندازہ ہوتاہے کہ کیاہورہاہے۔ نمائندہ جنگ کے مطابق ریفارم یوکے، کے لیڈر نائجل فراج نے کہا ہے کہ برطانوی شہروں کے کچھ حصے اسلام پسند ہیں۔ یہ بات انہوں نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اپنے نائب صدر کے امیدوار جے وی وینس کے تقرر پر امریکی کانفرنس میں کہی۔ جے وی و ینس نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی جیت کا مطلب ہے کہ برطانیہ جوہری ہتھیار رکھنے والا پہلا حقیقی اسلامی ملک ہے۔ نائجل فراج نے کہا کہ مسٹر وینس اپنے ریمارکس میں آدھا مذاق کررہے تھےتاہم نائجل فراج نے برطانیہ میں انتہا پسندی کے خطرے سے خبردار کیا۔ دی نیوز ایجنٹس پوڈ کاسٹ میں جب ان سے پوچھا گیاکہ کیا ان کا ماننا ہے کہ برطانیہ ایک اسلام پسند ملک ہے؟ تو نائجل فراج نے کہا کہ یوکے ایک اسلام پسند ملک نہیں لیکن اس کے شہروں کے چند حصے اسلام پسند ہیں۔ جب آپ فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہونے والی ووٹنگ کو دیکھتے ہیں تو آپ کو حقیقی طور پر سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہورہا ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی کانفرنس میں جے وی وینس نے کہا تھا کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے والا میرا حقیقی اسلام پسند ملک کون سا ہے، تو ہم سمجھے کہ شاید پاکستان اور ایران کی بات ہورہی ہے لیکن بعدازاں ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ لیبر پارٹی کی جیت کے بعد برطانیہ کی طرف اشارہ ہے۔ جے وی وینس کے ان ریمارکس پر برطانیہ کی نائب وزیراعظم انجیلا رینر کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔