مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت اور جدید ترین سہولیات فراہم کرینگے، شہباز شریف

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت اور جدید ترین سہولتیں فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس جدید سہولتوں سے آراستہ خطے کا ایک شاندار اور بے مثال ہسپتال ہوگا،جہاں ایئرایمبولینس بھی دستیاب ہوگی،یہ سنٹر صوبوں سے مزید ہم آہنگی اور رابطہ کا ذریعہ ہوگا۔گزشتہ روز جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھی اور منصوبے کیلئے درکار فنڈز مہیا کرنے اوراس کو ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نوازشریف کی قیادت اور مخلوط حکومت کا جڑواں شہروں کے لئے ہی نہیں بلکہ کے پی،کشمیر ،گلگت بلتستان کے مریضوں کیلئے بھی تحفہ ہوگا۔یہاں نرسنگ سکولز اور جدید لیب بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس جدید ہسپتال میں پیچیدہ ترین امراض کا علاج ہوگا۔آغا خان فائونڈیشن نے اس سنٹر کی تمام کنسلٹنسی بلامعاوضہ دی ہے جس پران کے مشکور ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے کئی دہائیوں سے صحت کے شعبہ اور پاکستان کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمپلیکس کیلئے 600 کنال اراضی مختص کی گئی ہے جبکہ 200 کنال کا کمرشل سنٹر بھی اس ہسپتال کے نام کیا ہے، اس کی آمدن اس ہسپتال کے بننے والے ٹرسٹ میں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی ماڈل ہے جس کا نوازشریف نے اجراء کیا تھا کہ عام پاکستانی کیلئے علاج مفت ہو۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہر پاکستانی کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کا بہترین ہسپتال ہے۔تاہم ایک سازش کرکے اس منصوبے کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ پی کے ایل آئی ہسپتال کے بورڈ میں قابل ترین لوگ شامل تھے۔ وہ ختم کیا گیا، اس کو ٹرسٹ سے ہٹاکر محکمہ صحت کے حوالے کیا گیا۔ کووڈ کے دوران اس کی سہولتوں سے بہت فائدہ اٹھایا گیا اور یہ ایک مرکز بنا ہوا تھا۔ اس سے قبل مریض لاکھوں روپے خرچ کرکے بیرون ملک علاج کیلئے جاتے تھے ،اس ہسپتال میں ہزاروں مریضوں کا مفت ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں مستحق مریضوں کو سو فیصد مفت علاج کی سہولت کی جائے گی۔تاہم صاحب حیثیت لوگوں کو علاج پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں تمام جدید سہولیات ہوں گی،یہاں میڈیکل سکول قائم کیاجائےگا۔یہ سنٹر صوبوں سے مزید ہم آہنگی اور رابطہ کا ذریعہ ہوگا۔یہاں ایمرجنسی میں ائیر ایمبولنس دستیاب ہوگی،اس منصوبے کے لئے جتنے بھی فنڈز درکار ہوں گے وہ مہیا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی ایک سال میں تکمیل کی ہدایت کی ہے،یہاں 24 گھنٹے کام ہوگا۔اسی طرح آئی ٹی پارک بھی اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔