2 سال میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 22.53روپے کا تاریخی اضافہ

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی ) گزشتہ 2برسوں کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 22روپے 53 پیسے تک کا تاریخی اضافہ کیا گیا ہے۔بجلی صارفین پر فی یونٹ 3 روپے 23 پیسے کا مستقل سرچارج الگ سے عائد کیا گیا جس کے بعد 2 سال میں بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافہ 25 روپے 76 پیسے بنتا ہے، بجلی صارفین پر 2 سال میں 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ذرائع کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2022 بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 91 پیسے اور جولائی 2023 میں 7 روپے 50 پیسے تک اضافہ کیا گیا تھا۔جولائی 2023 میں فی یونٹ 3.23 روپے کا مستقل سرچارج بھی عائد کیا گیا تھا اور جولائی 2024 میں بنیادی ٹیرف کی مد میں فی یونٹ بجلی7.12 روپے تک مہنگی کی گئی، جس کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48روپے 84پیسے تک پہنچ گیا۔