پی ٹی آئی پر پابندی دراصل 9 مئی کو ہی لگ جانی چایئے تھی ، رانا مشہود

22 جولائی ، 2024

لندن(ودود مشتاق)وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے نوجواناں رانا مشہود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی در اصل نو مئی کو ہی لگ جانی چاہئے تھی،یہ لوگ ملک اور اداروں کو مسلسل غیر مستحکم کر رہے ہیں، مسلم لیگ کی حکومت نہ صرف ان کا بھرپور مقابلہ کرے گی بلکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی پانچ سالہ آئینی مدت بھی پوری کرے گی، اگر پی ٹی آئی کو معافی مل سکتی ہے تو بھارتی جاسوس کلبھوشن اورملکی سالمیت کے درپے طالبان کو بھی معافی مل جانی چاہئے۔ وہ گزشتہ روز مسلم لیک نون برطانیہ لائرز ونگ کے صدر عنصر چوہدری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئے گئے عشائے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر ن لیگی رہنما صباصادق نے کہاکہ پی ٹی آئی اداروں کو کمزور کرکے ملک کو بحرانوں کے دلدل میں پھنساناچاہتی ہے،عنصر جاوید نے زوردیاکہ اوورسیز متحد ہوجائیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے مسلسل عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہی ہے یہ لوگ کسی بھی رعائت کے مستحق نہیں۔ ان کے ساتھ ڈائیلاگ ضرور ہوسکتے ہیں لیکن انہیں پہلے نو مئی کے واقعے کی مذمت کرنا اور معافی مانگنا ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزرا نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر اور چینی صدر کے دورہ پاکستان کو ناکام بنا کر ملک کیساتھ دشمنی کی ہے اور اب یہ لوگ کبھی امریکہ اور کبھی برطانیہ میں اپنی ناجائز کمائی کے ذریعے لابنگ فرمز کو حاصل کرکے پاکستان کیخلاف قرار دادیں منظور کرواتے ہیں لیکن یہ لوگ ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت امریکہ اور برطانیہ سمیت ہر ملک کیساتھ اپنے مثالی تعلقات پر فخر کرتی ہے اور یہ تعلقات ایسی قراردادوں کے ذریعے ختم نہیں ہوسکتے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے راستے پر گامزن ہے، پاکستان کے برے معاشی حالات میں ہر ادارے اپنے اوپر کٹ لگایا لیکن ہماری عدلیہ جو عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں حاصل کرتی ہیں کوئی کٹ نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فوج کو اسلئے نشانہ بنانا چاہتی ہے تاکہ ملک کو صومالیہ، شام عراق اور لیبیا بنوایا جا سکے، یہ لوگ یہودی لابی کے عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جھوٹے مقدمات بھگتے، مصیبتیں برداشت کیں ،اس وقت عدلیہ کو ترس نہیں تو آج کی عدلیہ اداروں کو ہدف بنانے والوں کو کیوں رعایتیں دے رہی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر صبا صادق نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک کو ایک ایسی دلدل میں پھنسانا چاہتی ہے جس سے محب وطن اداروں کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی خوشحالی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پی آئی اے یورپ میں جلد بحال ہوگی۔ مسلم لیگ لائرز ونگ کےصدر عنصر چوہدری اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کوموجودہ بحران سے نکالنے کیلئے تمام اوور سیز متحد ہو کر کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی قیادت ملک کو ہر طرح کے بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔