پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک فوڈ سیکورٹی مسائل کا متحمل نہیں ہو سکتا،ہمایوں اختر

22 جولائی ، 2024

لاہور (این این آئی) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کسانوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کا ادراک نہ کیا گیا تو فوڈ سیکورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جس کا پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا، کسانوں اور نوجوانوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر منصوبے شروع کئے جائیں ،محرومیوں کا شکار علاقوں میں بنیادی انفر اسٹر اکچر تعمیر کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارکسانوں اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہمارے بہت سے علاقے ترقی کی دوڑ میں کئی دہائیاں پیچھے ہیں ،وفاقی اور صوبائی حکومت کو ان علاقوںپر خصوصی توجہ مرکوز اور مختلف منصوبوں اور سکیموں میں ایسے علاقوں کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے منصوبے شروع کرانے کیلئے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے ، اسی طرح کسانوں کے مسائل کو بھی اجاگر کریں گے ۔