پشاور ( آن لائن ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر ابراہیم خان نے کہا ہے کہ امن وامان صرف بنوں یا وزیرستان نہیں بلکہ پورے ملک کامسئلہ ہے،حکومت اور سیکورٹی ادارے پرامن احتجاج کو سبوتاژکرناچاہتے ہیں، وہ بنوں میں امن دھرنے کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس تحریک کے نتیجے میں امن قائم ہوگا، امن جرگہ کے اختتام پر ناخوشگوار واقعے پر دل افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ ہم پُرامن ہیں اور امن کے خواہاں ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ ہم نہ طالبان سے لڑ سکتے ہیں نہ فوج سے، فریقین ملک میں امن اور عوام کی بھلائی کے لیے جنگ ختم کردیں۔ بیس سال سے وزیرستان اور صوبے کے دوسرے حصوں میں آپریشن ہو رہے ہیں لیکن امن قائم نہیں ہوا۔ آپریشنوں سے امن نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام در اصل آپریشن عدمِ استحکام ہے، ہم اس آپریشن کو مسترد کرتے ہیں۔ امن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔