سپیکر قومی اسمبلی نے قائمہ کمیٹی چیئرمینز کا نئی گاڑیوں کا مطالبہ مسترد کردیا

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( آن لائن ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائمہ کمیٹی چیئرمینز کا نئی گاڑیوں کا مطالبہ مسترد کردیااورکہاکہ نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے فنڈز نہیں اور وزیراعظم نے بھی پابندی لگا رکھی ہے۔قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے انھیں فراہم کی جانے والی گاڑیوں کے پرانا اور ناکارہ ہونے کی شکایات کی تھیں۔سپیکر کی ہدایت پر تمام گاڑیوں کی مرمت کرکے انھیں چیئرمینوں کے حوالے کردیا گیا ۔چیئرمینز مسلسل نئی گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے مگر سپیکر نے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق سپیکر نے چیئرمینوں کو جواب دیا ہے کہ میرے پاس موجود گاڑی 2015 ماڈل کی ہے۔آپ کو دی گئی گاڑیاں 2017 اور 2019 ماڈل کی ہیں۔سپیکرنے کہا کہ اتنے فنڈز نہیں کہ نئی گاڑیاں خریدی جائیں اورموقف اختیار کیا کہ وزیراعظم کی طرف سے بھی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہے۔وزارت خزانہ نے بھی نئی گاڑیوں کیلیے فنڈز دینے سے انکار کردیا تھا۔