حکمران قومی مفادات کے خلاف معاہدے ختم کردیں،زبیراحمد ظہیر

22 جولائی ، 2024

لاہور(خبرنگار)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ حکمران قومی مفادات کے خلاف ہر قسم کے معاہدے ختم کردیں۔ آئی پی پیز کو بھاری ادائیگیاں ملک دشمنی ہے۔ سودی نظام سے ملک معاشی تباہی و برباد کا شکار ہوچکا ہے۔ وہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل ، پنجاب کے صدر میاں محمد اصغر ، اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ سودی نظام، آئی پی پیز کے عذاب ، کرپشن کی تباہی اور ہر سطح پر بے عدلی اور بے انصافی کے خلاف 14 اگست سے ملکی سطح پر عوامی تحریک شروع کی جائے گی ۔