جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا اہم کردار ہے، گورنر سلیم حیدر

22 جولائی ، 2024

گوجرانوالہ ( نمائندہ جنگ ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گوجرانوالہ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی یو ایف جے)کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی مثبت تنقید سے حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ۔جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔اگر حکومت میں بیٹھے افراد میڈیا کی تنقید کو مثبت انداز میں لیں اور اس پر غور کریں تو اس سے ملک میں بہتری آئے گی۔ عوام کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے۔ کوشش ہے کہ غریب لوگوں کی مشکلات میں آسانیاں پیدا کروں۔ گورنر ہائوس کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں۔ آپ لوگوں تک سچ پہنچانے کیلئے جان پر کھیل کر کوریج کرتے ہیں۔ بہت سے صحافیوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آپ کی مثبت تنقید سے اپنااپنا احتساب کرنا چاہیے۔ پاکستان کے موجودہ حالات کے ذمہ دار صرف سیاستدان نہیں بلکہ ججز، جرنیل اور بیورو کریٹس بھی ہیں، جب تک سب کا احتساب نہیں ہوگا ملک ٹھیک نہیں ہو گا۔ملک میں گیس نہیں ، بجلی بہت مہنگی ہے\۔آصف علی زرداری نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کا جو معاہدہ کیا تھا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔ کسی میں اتنی جرات نہیں ہوئی کہ اس منصوبے کو آگے چلا سکے۔ پی ٹی آئی کو جو سیٹیں مل رہی یا کسی اور کو مل رہی ہیں اس سے عوام کو کوئی سرو کار نہیں۔ عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے۔ غریب عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے وزیر اعظم ، یاوزیر اعلیٰ کے پاس بھی جانا پڑا تو جائوں گا۔