ہوشربا مہنگائی کے خلاف تاجروں کا منگل کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان

22 جولائی ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر)بجلی، گیس، پٹرول، آٹے اور ادویات کی قیمتوں میں ہو شربااضافے کے خلاف مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ اور چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کی جانب سے 23جولائی منگل کو 10.30صبح ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ٹمبر مارکیٹ وہاڑی روڈ پر منعقد ہو گا جو دوپہر 12بجے اختتام پذیر ہو گا، اس سلسلہ میں گزشتہ روز چوک شاہ عباس، ٹمبر مارکیٹ، وہاڑی روڈ کی 15تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ ظالم حکمرانوں کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے عوام خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں، شرکائےاجلاس نے مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ کے صدر حافظ محمد صادق اور بزرگ تاجر رہنما خواجہ محمد شفیق کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ ہم اس احتجاج کو کامیاب کرائیں گے۔