غسل کعبہ کی سالانہ رسم اد ا کردی گئی

22 جولائی ، 2024

مکہ مکرمہ (شاہدنعیم) مکہ مکرمہ کی المسجد الحرام میں غسل کعبہ کی سالانہ رسم ادا کردی گئی۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کی اور کعبہ اللہ کو غسل دینے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسپیشل ایمرجنسی فورس غسل کعبہ کی رسم کے موقع پر تعینات کی گئی۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، اسلامی ملکوں کے سفارتکاروں، علما، شاہی خاندان کے افراد اور منتخب شخصیات نے غسل کعبہ میں شرکت کی۔شہزادہ سعود بن مشعل نے مسجد حرام آمد کے بعد پہلے بیت اللہ کا طواف کیا اور دو رکعت نوافل ادا کیے۔ اس کے بعد انہیں خانہ کعبہ کو غسل دینے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ عرق گلاب سے تیار کردہ پانی مہیا گیا جس کی مدد سے بیت اللہ کو غسل دیا گیا۔ اس موقعے پر حج و عمرہ کے وزیر اور حرمین شریفین کی دیکھ بھال کے نگران ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، حرمین شریفین کے مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ، کلید کعبہ ’’سدنہ‘‘ کے ارکان اور متعدد مسلمان ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔