100 لفظوں کی کہانی

اداریہ
22 جولائی ، 2024
افتتاح۔۔۔ مبشر علی زیدی
ہم نے نیا مردہ خانہ تعمیر کیا ہے۔
کیا آپ اس کا افتتاح کرنا پسند کریں گے؟
فلاحی تنظیم کے سربراہ نے عاجزی سے درخواست کی۔
کیوں نہیں، میں مسکرایا۔
مجھے خیال آیا کہ اب یہ آدمی چندہ مانگے گا۔
عام طور پر یہی ہوتا ہے۔
فلاحی تنظیمیں سیاست دانوں کو اپنی تقریب میں مہمان خصوصی بناتی ہیں
پھر مالی تعاون کی توقع کرتی ہیں۔
ہم سیاست دان بھی عوامی رابطے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے۔
میں نے دریافت کیا،
بتائیں، مردہ خانے کے افتتاح کے لیے مجھے کیا کرنا ہوگا؟
اس ستم ظریف نے سنجیدگی سے کہا،
انتقال۔