لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش سے جل تھل ایک، آج پھرامکان

22 جولائی ، 2024

لاہور، اسلام آباد، کراچی (خبر نگار، ایجنسیاں) لاہور، اسلام آباد ، کراچی سمیت کئی شہروں میں اتوار کو بارش سےجل تھل ایک، شدید گرمی اور حبس میں کمی سے موسم قدرے خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے مون سون کی ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مغربی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں آج پیر کے روز موسم گرم اور شدید حبس رہے گا، تاہم شام/رات کو شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور جنوب مشرقی سندھ میں مون سون کے چوتھے سپیل کے تحت آندھی /جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔