عالمی قوتوں اور برطانیہ کی ذمہ داری ہے مسئلہ کشمیر حل کرائیں، چوہدری محمد یاسین

22 جولائی ، 2024

مانچسٹر /بولٹن (آصف براہٹلوی/ابرار حسین) مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ ہے، برطانیہ پر ذمہ داری بنتی ہے اس کا حل تلاش کرے۔ تمام عالمی قوتیں بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے برطانیہ آمد پر مانچسٹر ائرپورٹ پر استقبال کیلئے آنے والے افراد سے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سٹوک ان ٹرنٹ کے آصف نوید مغل، پی پی مڈلینڈ کے چوہدری شاہ نواز، اختر محمود مرزا،چوہدری الیاس، چوہدری ایوب، امجد حسین مغل، راجہ ریاسب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ بولٹن کمیونٹی سنٹر میں راجہ افتخار راج کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کے وجود میں آنے سے قبل ہی نظریہ الحاق پاکستان دے کر پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال محبت کی مضبوط بنیاد رکھ دی تھی، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہے۔ اس موقع پر راجہ ریاسب، سابق امیدوار برطانوی پارلیمنٹ احمد یعقوب، ندیم شیخ، چوہدری الیاس، چوہدری مظہر،چوہدری شاہ نواز سمیت دیگر شریک تھے۔چوہدری یسین نے کہا کہ پیپلز ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات مان کر ہنگامی طور پر صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے 23 ارب روپے کی گرانٹ منظوری کرائی جس کا ہم شکر ادا کرتے ہیں۔ چوہدری محمد یسین نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی، مسئلہ کشمیر کے ساتھ پیپلز پارٹی کی جذباتی وابستگی ہے۔نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دور وزارت خارجہ کے دوران مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف اپنایا، کشمیر کی اقوام متحدہ کی دی گئی خصوصی حیثیت بحال کرنے تک بھارت سے مذاکرات سے انکار کر دیا تھا۔