پنجاب میں ملکی تاریخ کی پہلی سرکاری ایئر ایمبولینس کا آغاز

22 جولائی ، 2024

لاہور(نمائندگان جنگ )پنجاب میں پہلی سرکاری ایئر ایمبولینس شروع ، جان بچانے کا ʼʼگولڈن آورʼʼ کا آغازہوگیا ، چھت سے گرکر زخمی ہونیوالی خاتون میانوالی سے راولپنڈی منتقل کی گئی ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضہ حلیمہ بی بی کے اہلخانہ کو پیغا م میں کہا ہے کہ دعا اور دلی آرزو ہے ہر شہری کی زندگی سے تمام دکھ مٹادوں،ایئر ایمبولینس شروع کرکے اللہ کے حکم پر عمل کیا،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے ایئر ایمبولینس کا وعدہ پورا کردکھایا۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میانوالی کی حلیمہ بی بی کو گولڈن آور میں علاج کیلئے راولپنڈی منتقل کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پرچھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی سے جان بچا لی گئی۔ چالیس سالہ حلیمہ بی بی چھت سے گرنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھی ، ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے سرجن نے حلیمہ بی بی کو فوری علاج کے لئے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ائیر ایمبولینس کی آزمائشی سروس کے ذریعے حلیمہ بی بی کو راولپنڈی منتقل کرایا اورڈاکٹرز نے حلیمہ بی بی کا آپریشن کیا۔ حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ کے لئے دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ مریم نوازشریف رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں، اللہ تعالیٰ انہیں لمبی زندگی اور کامیابی دے ،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک اجلاس میں ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیا ، ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن،چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے اور 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دی ، ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے اور لارج سکیل کنسٹرکشن ڈیویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/ آپریٹر کورس آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا ،اجلاس میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکلڈ جاب کے لئے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویزاور ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لئے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کی جائے گی ، علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب نے پاکستان کے پہلے ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 22 اپریل کے آغاز سے ابتک پنجاب بھر سے 50 ہزار خواتین کی شکایات موصول ہوئیں،سیف سٹی میں قائم کردہ پاکستان کا پہلا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن 50 ہزار سے زائد خواتین کی آواز بن چکا ہے۔