ترقی پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، وزیراعظم ، جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد( نیو ز رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال اسلام آباد میں غریب کا علاج 100فیصد مفت ہوگا،ایک نام نہاد منصف نے لاہور میں گردے جگر کا بہترین ہسپتال تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، تعلیم و علاج کا حق بغیر کسی مشکل کے دہلیز پر ملنا غریب آدمی کا حق ہے۔اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت اشرافیہ امریکا سمیت دنیا بھر میں جہاں چاہے مہنگا ترین علاج کراسکتے ہیں، مگر عام آدمی کہاں جائے، ہم نے پنجاب بھر میں سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج کی سہولیات فراہم کیں، غریب آدمی کا حق ہے کہ تعلیم و علاج بغیر مشکل کے اس کی دہلیز پر پہنچایا جائے، پی کے ایل آئی بہترین اسپتال ہے، نام نہاد منصف نے سازش کرکے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی، اس زمانے کی حکومت نے پی کے ایل آئی کو تباہ کیا، عام آدمی کی تعلیم و صحت اور ترقی و خوشحالی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ، اللہ سے دعا کریں کہ یہ اسپتال ایک سال میں مکمل ہو، جناح میڈیکل سینٹر موذی امراض کا سینٹر ہے، چیئرمین حبیب بینک،پرنس رحیم آغا خان کے صاحبزادے نے ہسپتال کیلئے تمام تکنیکی معاونت دی ہے، آغا خان فاؤنڈیشن نے کنسلٹنسی مفت دی ہے ، مجھے یہ جناح میڈیکل سینٹرایک سال میں مکمل چاہیے،اس ہسپتال کیلئے جتنے وسائل چاہئیں ہم مہیا کریں گے ، دنیا کی جدید ترین سہولیات اس ہسپتال میں موجود ہوں گی، امیر اور غریب سب کو اس ہسپتال میں علاج میسر ہوگا، امیر کو یہاں علاج کیلئے پیسے دینے ہوں گے غریب کا مفت علاج ہوگا،ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی اور راجہ خرم نواز نےبھی تقریب سے خطاب کیا۔