راولپنڈی میں زیر زمین پانی کی سطح گرنے کے باوجود نئے ٹیوب ویل لگانے کی تیاریاں

22 جولائی ، 2024

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نگار سے) راولپنڈی شہر میں پہلے ہی بورنگ کی بھرمار کے باعث زیر زمین پانی کی سطح آئے روز نیچے گرتی جا رہی ہے وہاں پر یو سیز 4تا 8ڈھوک حسو ، پیرودھائی وغیرہ کے علاقوں کو پانی فراہمی کے لیے 200 ملین روپے کی لاگت سے مزید دس ٹیوب ویل لگانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جس کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق واسا کے تحت پہلے ہی پانچ سو ٹیوب ویلز چل رہے ہیں جن کے لیے ماہانہ 18 کروڑ روپے بجلی بلوں کی مد میں ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ پہلے واسا نے تقریبا ایک ارب روپے کے بجلی بلوں کے واجبات کی آئیسکو کو ادائیگی کرنی ہے۔۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے رابطے پر بتایا کہ منصوبے کے تحت نئے بور آئی جے پی روڈ کے قریب لگائے جائیں گے جو راولپنڈی سے باہر جگہ ہے، راولپنڈی شہر کو ڈیموں سے پانی کی فراہمی کے لیے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔