فلسطین پر اسرائیلی قبضہ غیر قانونی ،یورپی یونین نے عالمی عدالت کے فیصلے کی حمایت کردی

22 جولائی ، 2024

کراچی(نیوزڈیسک)یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف کے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ بلاک نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور عدالت کی رائے کے لیے مزید حمایت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی مسلسل اور بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے پیش نظر یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم آئی سی جے کے تمام فیصلوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تصدیق کریں چاہے یہ فیصلہ کسی بھی موضوع پر ہو۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مزید گہرائی سے تجزیہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔آئی سی جے کا فیصلہ کسی کو پابند نہیں کرتا کہ اس پر عمل کیا جائے تاہم یہ ایسے وقت پر آیا ہے جب غزہ میں تباہی اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش بڑھ رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی خطے میں بھی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔عالمی عدالت کے فیصلے اور یورپی یونین کی حمایت کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے اسرائیل پر سفارتی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔یاد رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی طرف سے جمعے کو آنے والے فیصلے میں قبضے کو جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی طرف سے اسے جھوٹ بر مبنی فیصلہ قرار دیا گیا ہے۔