نیا توشہ خانہ ریفرنس، عمران اور بشریٰ نیب تفتیش میں شامل نہیں ہوئے

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد،راولپنڈی (خبر نگار،سٹاف رپورٹر) توشہ خانہ سے متعلق نئے کیس میں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کا مزید ریمانڈ لینے کا امکان ہے۔ 14 جولائی کو احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 22 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز عمران خان اور بشریٰ بی بی نے نئے توشہ خانہ کیس میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا۔ نیب ٹیم اتوار کو ڈپٹی ڈائریکٹر نیب مستنصر امام شاہ کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی ، نیب ٹیم اڈیالہ جیل کے تفتیشی کمرے میں اڑھائی گھنٹے موجود رہی، اس دوران جیل انتظامیہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو متعدد پیغام بھجوائے لیکن دونوں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے، وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے شامل تفتیش ہونے سے انکار پر نیب ٹیم واپس چلی گئی۔ تفتیش مکمل نہ ہونے پر نیب کی جانب سے آج احتساب عدالت سے ملزمان کا مزید ریمانڈ لئے جانے کا امکان ہے۔ تفتیش سے متعلق نیب کی پیشرفت رپورٹ آج عدالت پیش کی جائے گی۔ نئے توشہ خانہ ریفرنس میں دونوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کا گزشتہ روز آخری دن تھا۔