چٹاگانگ:شاہین کے کاری وار،میچ ٹائیگرز کی گرفت سے نکلنےلگا،خطرناک اسپیل میں 3 شکار

29 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف برتری حاصل کر لی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے چھ اوورز میں سے چار میڈن کرائے اورچھ رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے اس خطرناک اسپیل میں مسلسل کاری وار کیے، جس کی وجہ سے میچ پر ٹائیگز کی گرفت نکلنے لگا ہے۔ پاکستانی ٹیم فائٹ بیک کرتے ہوئے میچ میں واپس آگئی ہے۔ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ حیران کن طور پر بنگلہ دیش کے اسپنرز اور پاکستانی فاسٹ بولرز وکٹیں حاصل کررہے ہیں۔ چٹاگانگ میں اتوار کو ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل ختم ہونے پربنگلہ دیش کا اسکور چار وکٹ پر39رنز تھا۔ ایک موقع پر24رنز پر چار بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔ پھرمشفق الرحیم اور یاسر علی نے مزاحمت کی۔ مشفق12اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے یاسر علی8رنز پر کھیل رہے ہیں۔ میزبان ٹیم کی مجموعی برتری اب83 رنز کی ہے۔ چوہدری ظہور اسٹیڈیم کی پچ مشکل سے مشکل ہوتی جارہی ہے۔ شادمان اسلام ایک اور نجم الحسن شانتو صفر پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد 15 کے مجموعے پر مومن الحق کو حسن علی نے واپسی کی راہ دکھائی۔ مومن نے پہلی اننگز میں چھ اور دوسری اننگز میں کوئی رن نہ بناسکے۔ تیسرے روز آخری وکٹ بھی شاہین شاہ نے حاصل کی جب25 کے اسکور پر بنگلہ دیش کے اوپنر سیف حسن شارٹ پچ سے بچتے ہوئے 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے دن14وکٹ گرے۔ بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے اسکور330 رنز کے جواب میں پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ تیج الاسلام کی بولنگ کے سامنے286رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ اوپنر عابد علی نے فائٹنگ 133رنز بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔ لیفٹ آرم اسپنر تیج الاسلام نے44.4اوورز میں116رنز دے کر سات وکٹ حاصل کئے۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کیے بغیر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوگئے، جس کےبعد تجربہ کار بیٹراظہر علی بھی تیج الاسلام کا سامنا نہ کرسکے اور کھاتہ کھولے بغیر 146 کے اسکور پر ہی واپس لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم صرف 10 رنز پر بولڈ ہوگئےاور 169کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ اس دوران دوسرے اینڈ سے عابد علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی چوتھی اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسری سنچری مکمل کی ۔ فواد عالم بھی زیادہ مزاحمت کرنے میں ناکام رہے اور 8 رنز کا اضافہ کرکے تیج الاسلام کی ایک اور وکٹ بن گئے ، جس کے بعد محمد رضوان 5 رنز بنا کر عبادت حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، پاکستان کی 5وکٹیں 207رنز پر گر چکی تھیں لیکن عابد دوسرےاینڈ سے اسکور آگے بڑھا رہے تھے تاہم جب اسکور 217 پر پہنچا تو ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔ عابد علی 133 رنز کی اننگز کھیل کر تیج الاسلام کی تیسری وکٹ بن گئے۔اس سے قبل ان کے دو مشکل کیچ ڈراپ ہوئے تھے۔ فہیم اشرف نے پاکستان کو ایک مشکل وقت میں 38 رنز کی اننگز کھیل کر تھوڑا سہارا دیا انہوں نے80 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور ایک چھکا مارا۔ حسن علی نے 12رنز بنا کر اسکور 229 رنز تک پہنچانے کے لیے ان کا ساتھ دیا۔ ایک چوکا اور ایک چھکا مارنے کے بعد وہ اسٹمپڈ ہوگئے۔ ساجد خان 5 اور نعمان علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 9 وکٹوں پر 257رنز تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے آخری وکٹ میں فہیم اشرف کا بھرپور ساتھ دیا اور آؤٹ ہوئے بغیر 13رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف 38 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور اسپنر کی ساتویں وکٹ بنے۔ آخری وکٹ پر فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے29رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 286رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بنگلہ دیش نے پہلی اننگز کے اسکور 330 رنز کی بدولت 44 رنز کی برتری حاصل کی۔ عبادت حسین نے47رنز دے کر دو اور مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔