KP حکومت اور وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر چارج شیٹ کی تیاری شروع

22 جولائی ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) خیبرپختونخوا کی صوبائی انتظامیہ اور وزیراعلیٰ کی کارکردگی کے بارےمیں چارج شیٹ کی تیاری شروع کردی گئی ہے ، اس سلسلے میں تفصیلات آئندہ مہینے کے وسط تک جاری کردی جائیں گی جن میں تادیبی اقدامات کی بھی نشاندہی ہوگی، اس طرح آئین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، بنوں اور صوبے کے جنوبی علاقوں میں دہشت گردی کے حالیہ ہولناک واقعات اور ان میں تحریک انصاف کے سرکردہ افراد اور کارکنوں کے مبینہ ملوث ہونے کے بعد ناگزیر قدم کے طور پر چارج شیٹ مرتب کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔خیبرپختوانخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے اتوار کی شب ’’جنگ‘‘ نے استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن میں اسکی تردید نہیں کروں گا۔ وفاقی وزارت داخلہ کے ذرائع نے استفسار پر بتایا کہ خیبر پختونخوا میں حالات گزشتہ برسوں میں اس قدر ابتر نہیں ہوئے تھے جو خرابی کی سطح صوبے میں موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آئی ہے۔ صوبے میں نہ صرف امن وامان کا تباہ کن حد تک بریک ڈائون ہوا ہے بلکہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مدد کرنے کے مجرمانہ واقعات بھی سامنے آئے ہیں دوسری جانب اطلاعات یکجا کرنے والے اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں کرپشن بلند سطح تک پہنچ چکی ہے صوبائی وزیر اعلی کے قریبی افراد کے علاوہ ان کے بھائی بھی صوبے کے وسائل کی لوٹ مار اور ملازمتوں سمیت ہر قسم کی سرکاری مراعات کے لئے کھلم کھلا نذرانہ وصول کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نشاندہی کردی ہے کہ آئین کی دفعہ چھ کے تحت کارروائی کے لئے پیپلزپارٹی نے تائید کردی ہے جس میں عمران نیازی، عارف علوی اور قاسم سوری کو بطور ملزم نامزد کیا جاچکا ہے۔