بائیڈن کے بعد اب صدارتی امیدوار کون ؟3خواتین سمیت 8امیدوار سامنے

22 جولائی ، 2024

کراچی (رفیق مانگٹ) انتخابات سے 107 دن پہلےامریکی صدر جو بائیڈن 2024ء کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کو بائیڈن کی جگہ لینے کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ بائیڈن نے بھی ان کی حمایت کردی۔مشیل اوباما ٹرمپ کو شکست دے سکتی ہیں، ووٹرز کی پسندیدگی میںبھی سرفہرست ہیں، ڈیموکریٹ پارٹی کی اکثریت مشیل اوباما کو صدارتی امیدوار کے طور پر دیکھنا پسند کرے گی ،ان کے علاوہ مشی گن کی گورنر گریچن وائٹمر، کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم ،پنسلوانیا کے 51 سالہ گورنر شاپیرو،کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر،الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ پیٹ بٹگیگ بھی صدارتی دوڑ میں شامل ہیں۔ہیرس نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دینے والی پہلی خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ اس عہدے پر رہنے والی پہلی سیاہ فام خاتون اور جنوبی ایشیائی فرد ہیں۔اس ہفتے کے ریپبلکن کنونشن میں، مقررین نے نہ صرف بائیڈن بلکہ ہیریس پر کثرت سے تنقید کی ۔ خاتون اول کی حیثیت سے مشیل اوباما اپنے وقت سے معروف اور مقبول ہیںجب ان کے شوہر براک اوباما صدر تھے، ڈیموکریٹ پارٹی میں بہت سے ایسے ہیں جو مشیل اوباما کو پارٹی کی نامزد امیدوار کے طور پر دیکھنا پسند کریں گے۔ ایک Ipsos پول میں پتہ چلا کہ وہ ٹرمپ کو برابر کی شکست دینے والی واحد فرضی امیدوار ہیں، اور وہ رجسٹرڈ ووٹرز کی پسندیدگی میں چارٹ میں بھی سرفہرست ہیں۔