محکمہ زراعت پنجاب میں واٹر مینجمنٹ کے ملازمین نوکریوں سے فارغ

22 جولائی ، 2024

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پنجاب میں 20 سال سے کام کرنے والے محکمہ زراعت شعبہ واٹر مینجمنٹ کے ملازمین اچانک نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ،بے روزگار ہونے پر پنجاب کے سینکڑوں گھرانوں میں صف ماتم بچھ گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک سال توسیع کا جھانسا دینے کے بعد یکم جولائی سے تنخواہیں بند کر دی گئیں، ملازمین20 سال سے صوبے میں پانی کی بچت کے منصوبوں پر کام کر رہے تھے، اچانک نوکریوں سے نکالے جانے پر ملازمین نے 22 جولائی سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔ مذکورہ ملازمین کو سال 2005 میں محکمہ زراعت شعبہ واٹر مینجمنٹ کے زیر نگرانی شروع کیے جانے والے پراجیکٹ "قومی منصوبہ برائے اصلاح کھالہ جات" یعنی NPIW کے تحت بھرتی کیا گیا تھا، جملہ ملازمین میں گریڈ 17 کے انجینئرز ، گریڈ 11 کے ایسوسی ایٹ انجنئیرز اور درجہ چہارم کے ملازمین شامل تھے۔