پی ٹی آئی پابندی، حکومتی جماعت نے ایم کیو ایم سے رابطہ نہیں کیا

22 جولائی ، 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے مشاورت کے لئے حکومتی جماعت مسلم لیگ ن نے اپنی اہم ترین اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی ایم کیو ایم کی اعلی قیادت سے اس بارے میں تاحال کوئی رابطہ کیا گیا،، ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے ارکان نے غیر رسمی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی پر پابندی کے بارے میں حکومتی موقف پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومت نے مشاورت کی تو اپنی رائے کا اظہار کیا جائے گا، فی الحال حکومت کے اعلان پر تبصرے سے گریز کیا جائےگا۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت جن معاشی اور سیاسی بحران سے گذر رہا ہے اس میں جمہوری نظام کو بچنا بہت ضروری ہے،منتخب عوامی حکومت ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔