بائیڈن کی دستبرداری،نیتن یاہو کی آج واشنگٹن آمد، امریکا اسرائیل تعلقات مزید غیر یقینی کا شکار

22 جولائی ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو آج پیر کو واشنگٹن پہنچیں گے ، وہ ایک ایسے وقت میں امریکا پہنچ رہے ہیں جب صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی انتخاب سے دسبتردار ہونے کے اعلان کے بعد امریکا میں سیاسی صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے اور غزہ میں جاری جنگ کے دوران امریکا اسرائیل تعلقات مزید غیر یقینی کا شکار ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ صیہونی وزیر اعظم صدر بائیڈن سے طے شدہ ملاقات کریں گے یا نہیں ، اسرائیلی حکام اب یہ نہیں جانتے کہ مہم میں ڈرامائی ہلچل مستقبل کے لئے کیا معنی رکھتی ہے۔ بائیڈن کے اعلان کے فوراً بعد، نیتن یاہو کے دفتر میں ہونے والی بات چیت سے واقف ایک شخص نے کہا کہ یہ کہنا "بہت قبل از وقت" ہے کہ یہ سفر اور اسرائیل کی جنگی کوششوں پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔نیتن یاہو بدھ کو کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ہیں۔ لیکن امریکا میں صدارتی مہم افراتفری کاشکار ہوگئی ہے ، بائیڈن دباؤ کے سامنے جھک گئے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش کے بعد آگے بڑھ رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات کے اہم وقت میں تیزی سے بدلتی سیاسی ہوائیں اسرائیلی رہنما کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں۔