وکٹ پر نشان بن گئے، بنگلہ دیش کو جلد آئوٹ کرنا ہدف، عابد علی

29 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چٹاگانگ ٹیسٹ کے سنچری میکر عابد علی کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے بہت اچھی بولنگ کی ہے۔ چوتھے دن بنگلہ دیش کو جلد آؤٹ کرکے ہدف عبور کرنا ہوگا ۔ اتوار کو میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ پچ پر مختلف نشان بنے ہوئے ہیں، اسپنرز ان نشانوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ میچ کے چوتھے روز پچ قدرے مختلف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اینڈ سے وکٹیں گریں تو مجھ پر بھی دباؤ بڑھ رہا تھاکوشش یہی تھی کہ زیادہ دیر کریز پر رہوں، سنچری پر خوشی ہے تاہم مزید خسارہ کم کرتا تو زیادہ فائدہ ہوتا۔ عبداللہ شفیق کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ایک ہی پلان تھا کہ کریز پر ٹھہرنا اور بری گیند کو چھوڑنا نہیں۔ پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ لینے والے حسن علی نے کہا کہ جیسی بھی کنڈیشنز ہوں دن کے آغاز میں ہمیشہ بولروں کو مدد ملتی ہے۔ یہی پلان تھا کہ دن کے آغاز میں جلد وکٹیں حاصل کرنی ہیں پچ سلو ہے، انہوں نے کہا کہ پچ فاسٹ بولروں کے لیے آسان نہیں ہے۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر بہت خوشی ہے۔ رواں سال ہمارے فاسٹ بولروں نے ٹیسٹ کرکٹ میں زبردست بولنگ کی۔ ہمیشہ کہتا ہوں کہ بولر ہی میچز جتواتے ہیں ہمارے بولروں کی اچھی کارکردگی کا ثمر ٹیم کی کامیابی کی صورت میں ملے گا۔