9 مئی ٹولہ نئے انداز سے پاکستان کیخلاف سرگرم،سفارت خانوں پر حملے افسوسناک ،پی ٹی آئی ویب سائٹ سے آرمی چیف کیخلاف باتیں کی گئیں، شہباز شریف، پیٹرولیم قیمتوں کاحکومتی اختیار ختم کرنیکی ہدایت

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ملک میں غد مچانے والا ٹولہ آج نئے ہتھکنڈوں سے پاکستان کے خلاف وارداتیں کر رہا ہے۔ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حالیہ دہشت گردی پاکستان کے خلاف ایک منظم سازش ہے جس میں ہمسایہ ممالک ملوث ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا جرمنی اور دیگر جگہوں پر سفارت خانوں پر حملے افسوسناک ہیں۔ یہ افسوسناک واقعات ہیں، سفارتخانوں کی حفاظت یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ ویزا پالیسی میں نرمی سے پاکستان باہر سے آنے والوں کے لیے پرکشش ملک بن گیا ہے، جن ممالک سے ویزا فیس نہیں لی جاتی ان کی تعداد 126 ہو چکی ہے، باہر سے آنے والوں کے لیے 24 گھنٹے کے اندر سہولت فراہم کی جائے گی۔ بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں اور تاجروں سے ویزا فیس نہیں لی جائے گی۔ ویزا پالیسی میں نرمی سے ملک میں بڑے پیمانے پر معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، ویزا پالیسی سے متعلق کابینہ منظوری دے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جانا ناقابل قبول ہے، خطے میں امن ہو گا تو ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ جس ٹولے نے 9 مئی کو ملک میں غدر مچایا تھا، آج وہی نئے ہتھکنڈوں سے پاکستان کے خلاف وارداتیں کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے آرمی چیف اور ان کے خاندان کے خلاف باتیں کی گئیں، پاکستان کے مفادات کو بچانے کیلئے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ 40 ہزار فلسطینی بہن بھائی، بزرگ اور بچے شہید کیے جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا عالمی اداروں نے اسرائیلی بربریت کے خلاف قراردادیں منظور کی ہیں، عالمی عدالت نے بھی فلسطین میں ہونے والے مظالم کو بدترین کہا ہے لیکن اسرائیلی حکومت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کا کوئی اثر نہیں ہوا، رکن ممالک نے ایس سی او کے پلیٹ فارم سے بھی اس مسئلے کا ذکر کیا، پاکستان نے آستانہ میں ایس سی او کانفرنس میں اسرائیلی جارحیت کے معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا، دیگر رکن ملکوں نے بھی ایس سی او پلیٹ فارم سے اس مسئلے کا ذکر کیا۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقررکرنےکاحکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مرحلہ وارقیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس آجطلب کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اوگرا کو قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنےکے اثرات اور لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا حتمی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔پیٹرولیم ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی مخالفت کی تھی اور کھلا اختیار ملنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ناجائزمنافع خوری کاخدشہ ظاہرکیا تھا۔دریں اثنا وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، کابینہ نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کیاہے۔126 ممالک کے لیے آن لائن ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی جس کے تحت ان ممالک کے شہری 24 گھنٹوں کے اندر بزنس اور ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے۔اعلامیے کے مطابق تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ، گرین اینڈ سسٹین ایبل گروتھ، واٹر ویسٹ مینجمنٹ، اربن گرین ڈویلپمینٹ، متبادل توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دے دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مظلوم فلسطینی بھائیوں بہنوں اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی ظلم و جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر بھی فیصلہ نہ ہوسکا۔